کمشنر ملتان ڈویژن کا فنون و ادب سے وابستہ شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا شاندار اور منفرد اقدام

35

ملتان ۔15اکتوبر(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کا فنون و ادب سے وابستہ شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا شاندار اور منفرد اقدام۔کمشنر کے حکم پر ادیبوں، شاعروں اور فنکاروں کے گھروں کے باہر اعزازی تختیاں نصب کرنے کا سلسلہ جاری ہے، تاکہ ان کی ادبی و فنی خدمات کو اجاگر کیا جا سکے۔اس سلسلے میں معروف ادیب حفیظ الرحمن خان کے گھر کے باہر بھی اعزازی تختی نصب کر دی گئی۔تختی کی تنصیب کے موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو سمیت معروف ادبی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخصیات ہمارے خطے کا فخر ہیں، جنہوں نے اپنے فن اور قلم سے معاشرتی شعور کو جلا بخشی۔انہوں نے مزید کہا کہ فنکاروں اور ادیبوں کی خدمات تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، حفیظ الرحمن خان کی خدمات ادب کی دنیا میں صدی پر محیط روشن باب کی حیثیت رکھتی ہیں۔عامر کریم خاں نے کہا کہ ملتان کی ادبی اور ثقافتی شناخت انہی شخصیات سے جڑی ہے اور انتظامیہ ان کے کام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔