وفاقی وزیرِ سینیٹر محمد اورنگزیب کا عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پرعالمی فورم سے خطاب

10

واشنگٹن ڈی سی، 17 اکتوبر (اے پی پی ):وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر “منقسم دنیا میں مالی وسائل کی فراہمی” کے موضوع پر عالمی فورم سے خطاب کیا۔

اپنی گفتگو میں وزیرِ خزانہ نے عالمی معیشت کو درپیش چیلنجز اور مواقع پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تجارتی رکاوٹوں کے باوجود عالمی معیشت میں استحکام کے آثار نمایاں ہیں۔ انہوں نے توانائی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، عالمی تجارت کے بدلتے رجحانات اور مالیاتی پالیسیوں کے اثرات پر بھی اظہارِ خیال کیا۔

وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ پاکستان بڑے تجارتی شراکت دار ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دے رہا ہے، جس سے نئی راہیں کھل رہی ہیں۔ انہوں نے امریکہ کے ساتھ جاری تجارتی بات چیت، چین کے ساتھ اقتصادی تعاون، سعودی عرب کے ساتھ نئے انتظامات اور CPEC کے اگلے مرحلے کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تجارتی تقسیم بڑھنے کے باعث ممالک علاقائی راہداریوں اور نئے معاشی شراکت داروں کی جانب بڑھ رہے ہیں، جو عالمی معیشت کے نقشے کو تبدیل کر رہے ہیں۔

وزیرِ خزانہ نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اس عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ بین الاقوامی کاوشیں ناگزیر ہیں۔