اسلام آباد، 11 اکتوبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے امریکی ناظم الامور نٹیلی بیکر نے ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، ڈیجیٹل میڈیا شراکت داری اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان کی قربانیاں پوری دنیا کے امن کے لیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے فیک نیوز کے خاتمے اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کے لیے جامع پالیسی متعارف کرائی ہے، جنہیں مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، ثقافتی تنوع اور تاریخی ورثے سے مالا مال ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بھی مضبوط ہوں گے۔ حکومت پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر نمایاں مقام دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری قانون سازی کا بھی ذکر کیا، جسے امریکی ناظم الامور نے سراہا اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ملاقات کے دوران امریکی ناظم الامور نے پاکستان کی معیشت میں استحکام اور ترقی کی سمت پیش رفت کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے صف اول کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا











