اسلام آباد ، 09اکتوبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے دیوار برلن کے گرنے کے پینتیس سال مکمل ہونے پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم موقع پر جرمنی کے عوام اور حکومت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ، اس روز جرمنی ایک ہوا ، پینتیس سال قبل آج کے روز جرمنی کے عوام نے دنیا کو امن امید اور غیر متزلزل عزم کا پیغام دیا، پاکستان کی حکومت اور عوام ان تمام لوگوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے جرمنی کے اتحاد میں کردار ادا کیا، خوشی کے اس موقع پر پاکستان کے عوام جرمنی کے ساتھ ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دیوار برلن گرنے سے جرمنی کے عوام میں ایک نئی امید پیدا ہوئی، دیوار برلن گرنے سے امن ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوا، پاکستان اور جرمنی کے بہترین دو طرفہ تعلقات ہیں، دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات 1951 میں قائم ہوئے، وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور جرمنی کا تجارت توانائی ووکیشنل ٹریننگ، تعلیم، صحت اور ماحولیات کے شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعاون موجود ہے، پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں جرمنی کے تعاون کے مشکور ہیں، جرمنی پاکستان کا بااعتماد ساتھی ہے، جرمنی کے تعاون سے مکمل کئے گئے منصوبے دونوں ملکوں کے دوستانہ روابط کی واضع مثال ہیں، پاکستان کی حکومت جرمنی کے ساتھ اپنے قریبی تعاون کو مربوط بنائے گی، جرمنی کے ساتھ عوامی سطح پر رابطوں کو مربوط بنائیں گےاور کہا کہ جرمنی کی ترقی و خوشحالی اور پاکستان جرمنی تعلقات کی مزید مضبوطی کے خواہاں ہیں۔











