جلالپور پیر والا 09 اکتوبر (اے پی پی ): چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز (ملٹری) (ر) نے اسسٹنٹ کمشنر آفس جلالپور پیر والا کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیر والا ڈاکٹر مکرم سلطان نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ بریگیڈیئر بابر کو سیلاب سے متعلقہ اقدامات، حفاظتی انتظامات اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری قائم کی گئی ہے اور نالوں، حفاظتی پشتوں اور بندوں کی مرمت و مضبوطی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ریلیف کیمپوں، میڈیکل ٹیموں، خوراک و ادویات کے ذخائر اور ریسکیو پلان کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہی دی گئی۔
بریگیڈیئر بابر علاؤالدین نے انتظامیہ کی تیاریوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنایا جائے اور متاثرہ عوام کی بحالی کے عمل میں شفافیت اور تیزی کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ترجیح عوام کا تحفظ اور ان کی بروقت امداد ہے، اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔چیئرپرسن نے مزید کہا کہ انسپکشن و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیمیں موقع پر صورت حال کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ فیلڈ میں کیے گئے اقدامات کا خود مشاہدہ کیا جا سکے اور رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جا سکے۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر مکرم سلطان نے یقین دہانی کرائی کہ تمام محکمے ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فیلڈ میں موجود ہیں۔











