واشنگٹن ڈی سی، 16 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں آذربائیجان کے نائب اول وزیر خزانہ انار کریموف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مضبوط معاشی و تزویراتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے آذربائیجان کو COP29 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ کامیابی عالمی سطح پر آذربائیجان کے مؤثر قائدانہ کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے پاکستان۔آذربائیجان ترجیحی تجارتی معاہدے (جنوری 2025) اور ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے (دسمبر 2024) کو دوطرفہ اقتصادی تعلقات میں ایک مضبوط پیش رفت قرار دیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ان معاہدوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا دائرہ تیل اور چاول جیسے روایتی شعبوں سے بڑھ کر ٹیکسٹائل، دواسازی، کیمیکل، مشینری اور زرعی مصنوعات تک وسیع ہو گا،جس سے اقتصادی تعلقات میں نئی راہیں کھلیں گی۔











