وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی امریکی انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ فنانس کارپوریشن کے سی ای او بینجمن بلیک سے ملاقات

19

واشنگٹن ڈی سی، 16 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ فنانس کارپوریشن(ڈی ایف سی ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بینجمن بلیک سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں تیل و گیس، معدنیات، زراعت، آئی ٹی اور دواسازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی قیادت تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایک مشترکہ عزم رکھتی ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے ڈی ایف سی کی جانب سے نجی شعبے کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کے اظہار کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ حکومتِ پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے ذریعے اس تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔