وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی سعودی وزیر خزانہ محمد عبداللہ عبدالعزیز الجدعان سے ملاقات

13

واشنگٹن ڈی سی، 16 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں سعودی عرب کے وزیر خزانہ محمد عبداللہ عبد العزیز الجدعان سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خزانہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی و تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی ہم منصب کو قومی ایئر لائن پی آئی اے اور ہوائی اڈوں کی نجکاری کے عمل پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

ملاقات میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن(اے ایف سی ) اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (ایم آئی جی اے ) کے کردار پر بھی گفتگو ہوئی، جنہیں پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم شراکت دار قرار دیا گیا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے سعودی عرب کی ممکنہ حمایت کی خواہش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے اصلاحاتی ایجنڈے پر ثابت قدمی سے عمل پیرا ہے۔

محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پائیدار اقتصادی استحکام اور سرمایہ کاری دوست ماحول کے قیام کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔