وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی ملاقات

12

اسلام آباد، 16 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔  ملاقات میں پاک آسٹریلیا تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں کوسٹ گارڈز، بارڈر مینجمنٹ اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نےحالیہ ناخوشگوار واقعات میں پولیس افسر اور دہشتگرد حملوں میں فورسز کے افسروں وجوانوں کی شہادت پر اظہارافسوس کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر  نے  قذافی سٹیڈیم   کی خوبصورت انداز میں بحالی کے  کام کی   تعریف   کرتے ہوئے وزیر داخلہ کو کہا کہ آپ کی قیادت میں اسلام آباد کے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے قابلِ ستائش ہیں اور شہر میں واضح بہتری آئی ہے،انہوں نے  مزید کہا  کہ پاکستان میں یادگار وقت گزرا، لاہور میں دربار بی بی پاک دامن میری پسندیدہ جگہ ہے۔ موجودہ دور میں پاکستان کا بین الاقوامی طور پر مقام اور وقار بڑھا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا  کہ غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی اور قانونی امیگریشن کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں۔ غیر قانونی انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔ ایسے افراد  کو  وطن واپسی  پر  سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں  آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی کاوشوں کو سراہا اور  انہوں نے  نیل ہاکنز  کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور آسٹریلیا کے ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔