پاکستان اور سعودی عرب کا صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

27

اسلام آباد، 16 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے سعودی عرب کے وزیرِ صحت فہد بن عبدالرحمن الجلاجل سے ملاقات کی جس میں صحت کے شعبے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان فارماسیوٹیکل شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ پاکستان کے ہیلتھ سیکٹر میں سعودی سرمایہ کاری کے وسیع امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی اور مضبوط تعلقات دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے گہری محبت کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اس میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

سعودی وزیرِ صحت فہد بن عبدالرحمن الجلاجل نے مصطفیٰ کمال کی صحت کے شعبے میں جاری خدمات کو سراہا اور دونوں وزرائے صحت نے فارماسیوٹیکل سمیت مختلف طبی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔