وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت نیشنل انٹر ایجنسی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

10

اسلام آباد، 10 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت نیشنل انٹر ایجنسی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیڈرل سیکرٹری ہیلتھ، ڈی جی ایف ڈی آئی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں 17 سے 29 نومبر 2025 تک جاری رہنے والی ملک گیر خسرہ و روبیلا (MR) ویکسینیشن مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ خسرہ اور روبیلا اب بھی پاکستان میں اہم عوامی صحت کے چیلنجز میں شامل ہیں۔ ان سے بچاؤ کے لیے بروقت ویکسینیشن اور مؤثر آگاہی مہم ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق صوبوں کے ساتھ مل کر کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنائے تاکہ مہم کے اہداف کو مؤثر انداز میں حاصل کیا جا سکے۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ عوامی آگاہی مہم کے لیے پیغام رسانی کو زیادہ مؤثر، مربوط اور جامع بنایا جائے تاکہ والدین اپنے بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو وباؤں اور بیماریوں سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، کیونکہ لوگوں کو بیمار ہونے سے بچانا ہی حقیقی معنوں میں ہیلتھ کیئر ہے۔

سید مصطفیٰ کمال نے ہدایت کی کہ آنے والی MR ویکسینیشن مہم میں ہر پانچ سال تک کے بچے کی ویکسینیشن کو یقینی بنایا جائے اور مہم میں زیادہ سے زیادہ کوریج حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔