وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا شیخ زید ہسپتال لاہور کا دورہ،ہسپتال کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات اور جامع روڈ میپ کی ہدایت

36

اسلام آباد، 06 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے شیخ زید ہسپتال لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صحت حامد یعقوب بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ہسپتال کی انتظامیہ نے وفاقی وزیرِ صحت کو موجودہ صورتحال، طبی سہولیات، مشینری کی کمی، عملے کے مسائل اور دیگر چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔وفاقی وزیرِ صحت نے ہدایت کی کہ ہسپتال کی بہتری کے لیے ایک جامع روڈ میپ اور سفارشات جلد از جلد مرتب کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو بیماریوں سے بچانے کے لیے ایک مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیرِ صحت نے ایمرجنسی سمیت مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ پیرامیڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹرز مریضوں سے شائستگی سے پیش آئیں۔