وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کا نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کا دورہ

14

اسلام آباد، 21 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ وفاقی سیکریٹری صحت حامد یعقوب شیخ بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسراین آئی ایچ نے وزیر صحت کو ڈیٹا سینٹرز کے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر صحت نے ہدایت کی کہ قومی ادارہ صحت فوری بنیادوں پر ایک مؤثر ہیلتھ کمپلینٹ مینجمنٹ سیل قائم کرے تاکہ ملک بھر سے موصول ہونے والی صحت سے متعلق شکایات کو مؤثر انداز میں ریکارڈ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ان شکایات اور ڈیٹا کو صوبوں اور اضلاع تک بروقت پہنچایا جائے تاکہ فوری عملی اقدامات ممکن بن سکیں۔

مصطفیٰ کمال نے نشاندہی کی کہ فی الوقت مختلف ڈیٹا ذرائع اپنی اپنی سمت میں کام کر رہے ہیں جس کے باعث مربوط پالیسی سازی میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت کا جامع اور مستند ڈیٹا وزارت کو صحتِ عامہ سے متعلق زیادہ مؤثر پالیسیاں وضع کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

وزیر صحت نے ہدایت کی کہ قومی ادارہ صحت بیماریوں کے بارے میں قابلِ اعتماد اعداد و شمار حاصل کرنے کے لیے مربوط اقدامات کرے تاکہ مستقبل کی حکمتِ عملی ٹھوس بنیادوں پر استوار کی جا سکے۔