لاہور، 29 اکتوبر (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ احمر کیفی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر نے اجلاس کے دوران ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر جاری سموگ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت جاری کی۔ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ مصروف سڑکوں کے کنارے روزانہ پانی کے ذریعے گرد صاف کی جائے اور ضرورت پڑنے پر دن میں ایک سے زائد بار چھڑکاؤ کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے دوران گرد اڑانے سے ہر ممکن گریز کیا جائے اور مانیٹرنگ اسٹاف سموگ ایس او پیز پر عملدرآمدیقینی بنائے۔اجلاس میں دستیاب انسانی وسائل اور مشینری کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور راولپنڈی میں خصوصی احتیاط برتی جائے کیونکہ یہ شہر سموگ سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ سموگ سیزن کے دوران زیادہ ٹریفک والے علاقوں پر فوکس رکھا جائے، جبکہ ستھرا پنجاب نیٹ ورک ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ذیشان رفیق نے کہا کہ محکموں کے مربوط تعاون سے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ اسٹاف کوڑا کرکٹ یا فصلوں کی باقیات جلانے والوں پر بھی کڑی نظر رکھے اور تمام آپریشنز کی تفصیل مرکزی کنٹرول روم میں اپ لوڈ کرنا لازمی بنائے۔











