اڈیس ابابا، 15 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت ایتھوپیا کے دارالحکومت اڈیس ابابا پہنچ گئے، جہاں ان کا استقبال ایتھوپیا کے وزرائے مملکت اور پاکستانی سفارتکاروں نے پُرتپاک انداز میں کیا۔ وزیرِ تجارت 16 سے 18 اکتوبر تک جاری رہنے والی پانچویں پاکستان۔افریقہ تجارتی کانفرنس اور سنگل کنٹری ایگزیبیشن میں شرکت کریں گے۔
یہ اہم تقریب وزارتِ تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے، جس کا مقصد پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، اور صنعتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان کی ” لُک افریقہ پالیسی “کے تحت یہ کانفرنس افریقہ کے ساتھ بڑھتے ہوئے معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی کاوشوں کا حصہ ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی ٹیکسٹائل، فارماسیوٹیکل، انجینئرنگ، آئی ٹی، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 110 سے زائد نمایاں کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔
پاکستانی کمپنیوں کی یہ بھرپور شرکت ملک کی صنعتی استعداد، جدت طرازی اور برآمدی صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گی۔
اپنے قیام کے دوران وزیرِ تجارت ایتھوپیا کے حکومتی نمائندوں، افریقی کاروباری رہنماؤں اور تجارتی تنظیموں کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے تاکہ باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری کے فروغ کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔
پاکستان، افریقہ کے ساتھ دیرپا اور متوازن اقتصادی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔











