پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی تعاون فریم ورک کے تحت توانائی، صنعت، کان کنی، آئی ٹی ، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ سمیت ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے، وزیراعظم شہباز شریف، ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ

13

ریاض،28اکتوبر  (اے پی پی):پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں کئی سٹریٹجک اور اعلیٰ اثرات کے حامل منصوبوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ سمیت ترجیحی شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے مابین  منگل کو ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ولی عہد و وزیر اعظم سعودی عرب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ملاقات کے دوران سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان 27 اکتوبر 2025ء کو ریاض میں ہونے والی ملاقات کے دوران اقتصادی تعاون کا فریم ورک شروع کرنے پر اتفاق ہوا۔ یہ پیش رفت مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت کی مضبوطی اور دونوں ممالک کی قیادت کو متحد کرنے والے بھائی چارے و اسلامی یکجہتی کے مضبوط رشتے کی عکاسی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فریم ورک دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی مفادات پر مبنی اور ان کی تکمیل کے لیے تجارت و سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے دونوں ممالک کی باہمی خواہش کا اعادہ ہے۔ فریم ورک کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں کئی سٹریٹجک اور اعلیٰ اثرات کے حامل منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے، نجی شعبے کے اہم کردار کو بڑھانے اور تجارتی تبادلے کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔  فریم ورک کے ترجیحی شعبوں میں توانائی، صنعت، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت  اور غذائی تحفظ شامل ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب اس وقت کئی مشترکہ اقتصادی منصوبوں  کے حوالے سے تعاون پر کام کر رہے ہیں جن میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بجلی کی ترسیل (الیکٹریسٹی انٹر کنکشن ) کے منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت  اور دونوں ممالک کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فریم ورک باہمی برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے اقدامات کی عکاسی اور اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پائیدار شراکت داری کی تعمیر کے لیے مشترکہ وژن کی توثیق کرتا ہے۔ فریم ورک دونوں ممالک کی قیادت اور برادر عوام کی امنگوں کی ترجمانی اور باہمی مفادات کے حصول کی تکمیل کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے رہنما سعودی پاکستانی سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے اجلاس کے انعقاد کے بھی منتظر ہیں۔