لاہور، 01 اکتوبر (اے پی پی): پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں 44ویں نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے چیمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں کپتان قومی کبڈی ٹیم شفیق چشی نے تمام کھلاڑیوں کی جانب سے حلف اٹھایا۔ اس موقع پر سیکرٹری اسپورٹس مظفر خان سیال اور ڈی جی اسپورٹس خضر افضال چوہدری بھی موجود تھے۔ یہ چیمپئن شپ یکم سے 5 اکتوبر تک پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں جاری رہے گی، جس میں ملک بھر سے 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ کبڈی ہماری ثقافت اور روایت کا حصہ ہے اور حکومت پنجاب اسے بھرپور فروغ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کبڈی نوجوانوں میں حوصلہ اور جرات پیدا کرتی ہے اور اس کے فروغ سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔ فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا کہ پنجاب انڈوومنٹ فنڈ میں بہت سے کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں اور کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت پنجاب کی اولین ترجیح نوجوان کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صوبے کی ٹیم جیتے، اصل جیت کبڈی کی ہوگی۔ صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ہمارا سرمایہ ہیں اور کبڈی کے ذریعے انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کے بہترین مواقع مل رہے ہیں۔











