چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا ٹی چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ،جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا

13

اسلام آباد،09اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر ٹی چوک فلائی اوور منصوبے پر تعمیراتی کام تیز کر دیا گیا ہے۔ منصوبے کا 100 فیصد پائلنگ ورک مکمل ہو چکا ہے جبکہ گرڈرز کاسٹنگ کا 84 فیصد اور حفاظتی دیواروں کا 60 فیصد کام بھی پایہ تکمیل کے قریب ہے۔چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا نے جمعرات کو ٹی چوک فلائی اوور پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں متعلقہ حکام نے منصوبے کی  پیش رفت پر بریفنگ دی۔چیئرمین سی ڈی اے نے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو  ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ جڑواں شہروں اور لاہور سمیت پنجاب سے آنے والے مسافروں کو سگنل فری اور سہل سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔محمد علی رندھاوا نے منصوبے کو دیدہ زیب اور جدید طرز پر مکمل کرنے کے لیے لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر پلان جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے اطراف خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس مستقل بنیادوں پر نصب کی جائیں اور جہاں کام مکمل ہو چکا ہے وہاں صفائی ستھرائی یقینی بنائی جائے۔چیئرمین نے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کنسلٹنٹس اور ریذیڈنٹ انجینئرز کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے پر 24 گھنٹے تعمیراتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں۔دورے کے موقع پر سی ڈی اے کے متعلقہ افسران، کنٹریکٹر، کنسلٹنٹس اور پراجیکٹ ڈائریکٹر بھی چیئرمین محمد علی رندھاوا کے ہمراہ تھے۔