چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کا پشاور کا دورہ

17

راولپنڈی،30اکتوبر  (اے پی پی):  چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے  جمعرات کو پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگے کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔ بعد ازاں انہیں ہیڈ کوارٹرز 11 کور میں موجودہ سیکیورٹی ماحول، آپریشنل تیاریوں اور پاک افغان سرحد پر امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے انسداد دہشت گردی کی جاری کوششوں کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے قبائلی عمائدین کےجرگے سے خطاب کرتے ہوئے پاک-افغان کشیدگی کے دوران قبائلی عوام کی جانب سے سکیورٹی فورسزکی غیر مشروط حمایت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کیا۔قبائلی عمائدین نے دہشت گردی اور افغان طالبان کے خلاف مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے  زور دے کر کہا کہ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ امن کا خواہاں ہے تاہم افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی کے تسلسل کے باوجود پاکستان نے گزشتہ چند سال میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور پاک-افغان دوطرفہ تعلقات کو بہتربنانے کے لیے افغانستان کے ساتھ متعدد مواقع پر سفارتی اور اقتصادی تعاون بڑھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان رجیم  بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کے بجائے  ان گروپس کو ہرممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا  کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں سے پاک کر دیا جائے گا۔

اس موقع پر قبائلی عمائدین نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی جانب سے دوٹوک موقف کو سراہتے  ہوئے  پاکستان میں امن کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے  واضح کیا کہ فتنہ الخوارج کے نظریے کو خیبرپختونخوا کے قبائل میں کوئی قبولیت نہیں ہے۔