وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ملاقات

23

لاہور، 30 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال، قانون سازی کے مراحل اور ایوان کی کارروائی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کاروبار میں آسانی کے لیے “ای بز” متعارف کرانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے صوبے میں امن و امان کی بہتری پر پنجاب کی عوام کی جانب سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اظہار تشکر بھی کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملک احمد خان کو پنجاب اسمبلی کے امور حکومتی انداز میں خوش اسلوبی سے چلانے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار بڑے ترقیاتی منصوبے چھوٹے شہروں سے شروع کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں کاروبار کے بہترین مواقع موجود ہیں، سرمایہ کاروں کو ان سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پنجاب حکومت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور کسی کو بھی انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ اس بار ترقیاتی منصوبوں کا مرکز صرف لاہور نہیں بلکہ پنجاب کے پسماندہ علاقے بھی ہیں۔