اسلام آباد،30اکتوبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤس اینڈ لائبریری کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کی۔ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز کے توسیعی منصوبے، سکیورٹی امور اور جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں سی ڈی اے کے نمائندوں نے کمیٹی کو بتایا کہ پارلیمنٹ لاجز میں 104 فیملی سوٹس کی تعمیر کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے اور ماڈل سویٹ تیار ہو چکا ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اراکین آئندہ اجلاس سے قبل تیار شدہ ماڈل سویٹ کا معائنہ کریں گے تاکہ تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا جا سکے۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران نے کہا کہ کوشش کی جانی چاہیے کہ یہ منصوبہ مقرر مدت میں مکمل ہو جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناقص کام کرنے والے ٹھیکیداروں سے ریکوری کی ذمہ داری سی ڈی اے کی ہوگی۔
سی ڈی اے کے نمائندوں نے آگاہ کیا کہ نئے لاجز کی تعمیر کے ساتھ ساتھ روڈز، پارکنگ اور سرونٹ کوارٹرز کی تکمیل کے لیے مزید فنڈز درکار ہیں۔ اس پر کمیٹی نے واضح کیا کہ مختص بجٹ سے ہٹ کر مزید اضافی بجٹ کی سفارش نہیں کی جا سکتی ۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے عامر مگسی کے فیملی سویٹ پر ہونے والی چوری کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے تمام مقامات جہاں پر کیمرے نصب نہیں وہاں پر فوری طور پر کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی سکیورٹی نے کمیٹی کو ریڈ زون اور پارلیمنٹ لاجز کی سکیورٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ لاجز میں مجموعی طور پر 56 کیمرے نصب ہیں جن میں سے چند غیر فعال ہیں۔رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں مزید سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہونے چاہئیں اور ان کی تنصیب کا معیار بھی بہتر ہونا چاہیے۔سی ڈی اے کے حکام نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایک ہفتے کے اندر پارلیمنٹ لاجز میں تمام سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔کمیٹی نے ایم این اے ہاسٹل میں صفائی ستھرائی کے ناقض کام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایم این اے ہاسٹل میں صفائی ستھرائی کے ناقص معیار کو بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
بعد ازاں کمیٹی ممبران نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کی سربراہی میں پارلیمنٹ لاجز کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے پارلیمنٹ لاجز میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور جاری تعمیراتی کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز کے 104 فیملی سویٹ کی جلد تعمیر کی تکمیل ان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے سی ڈی حکام کو پارلیمنٹ لاجز کے 104 فیملی سویٹ کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔کمیٹی اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی سردار نبیل گبول، شائستہ پرویز ملک، عالیہ کامران، محمد معین عامر پیر زادہ، طاہرہ اورنگزیب، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ، وزارت داخلہ اور سی ڈی اے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











