ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گی، رانا مشہود

14

اسلام آباد ، 20 اکتوبر (اے پی پی ): چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں اور استعداد سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں روزگار کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔

۔آج “اسپیشلائزڈ ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ آف ٹرینرز (ToT) پروگرام” کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں ڈیجیٹل تعلیم اور تربیت کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن برائے ڈیجیٹل پاکستان کے تحت یہ اقدام نوجوانوں کی معاشی خودمختاری اور فنی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ نیو ای ٹی سی سی، یونی سروسز انٹرنیشنل اور آئی ٹی ایم سی چائنا کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کر کے عالمی مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بنایا جائے گا۔

رانا مشہود نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں عوامی و نجی شعبے کے اشتراک سے “ٹریننگ آف ٹرینرز” پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت دو سو ٹرینرز آن لائن تربیت حاصل کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ تربیت میں مصنوعی ذہانت، ای۔کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ڈیٹا اینالٹکس جیسے جدید شعبے شامل ہیں، تربیت مکمل کرنے والے شرکاء کو پاکستان اور چین کے معروف اداروں کی مشترکہ اسناد دی جائیں گی۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پریکٹس آف اسکلز” پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی نوجوانوں اور فری لانسرز کو مفت ڈیجیٹل لرننگ اکاؤنٹس فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ بین الاقوامی معیار کی ڈیجیٹل مہارتیں حاصل کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور چین کے درمیان انسانی وسائل کی ترقی اور ڈیجیٹل تعاون کو مزید فروغ دے گا، جب کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے پاکستان کے فنی و پیشہ ورانہ تربیتی نظام (TVET) کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔