یومِ خاتمہ غربت پر وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کا پیغام

19

اسلام آباد، 17 اکتوبر (اے پی پی ): وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومتِ پاکستان کی ترجیحات کا مرکز ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں کوئی شخص محرومی، بھوک یا مایوسی کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے غربت کے خاتمے کو قومی ترقی کے بنیادی ایجنڈے کے طور پر اختیار کیا ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ “اُڑان پاکستان فریم ورک” کے تحت پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لیے جامع منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے، اور معیشت کے استحکام سے اس کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچ رہے ہیں۔ ان کے مطابق معاشی استحکام سے روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں، آمدنی میں اضافہ ہوتا ہے، اور غربت کے بادل چھٹنے لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی ترقیاتی حکمتِ عملی میں غریب اور کمزور طبقات کو مرکزِ نگاہ بنایا ہے اور نوجوانوں کو فنی و تکنیکی مہارتیں فراہم کر کے انہیں باعزت روزگار کے قابل بنایا جا رہا ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم اور ہنر کو اپنی ترجیح بنائیں کیونکہ غربت کے خاتمے کی سب سے بڑی کنجی تعلیم اور ہنرمندی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نالج اکانومی پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں کے لیے اختراع اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک فیز ٹو کے تحت صنعتی اور زرعی شعبوں کی ترقی پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ روزگار کے زیادہ مواقع پیدا ہوں اور معیشت کو مزید استحکام ملے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ حکومت ایک ایسا پاکستان تعمیر کرنے کے لیے پرعزم ہے جہاں ہر شخص کو باعزت روزگار، معیاری تعلیم، بہتر صحت اور محفوظ مستقبل حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ “اُڑان پاکستان” وژن کے تحت ہم سب مل کر ایک خوشحال، مضبوط اور باوقار پاکستان کی تعمیر کریں گے۔