واشنگٹن ڈی سی،17 اکتوبر(اے پی پی ): وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ اکنامک فورم کے تحت منعقدہ اجلاس “فیوچر فار گروتھ انشی ایٹو” میں شرکت کی۔ اجلاس کا موضوع “اختراعات کے ذریعے جامع اور پائیدار ترقی کا فروغ” تھا، جس میں عالمی اقتصادی رہنماؤں اور ماہرین نے شمولیتی ترقی کے لیے ٹیکنالوجی اور اختراعات کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
اپنے خطاب میں وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پائیدار اور جامع ترقی کے لیے ٹیکنالوجی کو شمولیت اور استحکام پر مبنی حکمتِ عملیوں سے جوڑنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل تبدیلی معیشت کے تمام طبقات تک ترقی کے فوائد پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
وزیرِ خزانہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) میں جاری اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی کے نظام کے نفاذ سے کارکردگی اور محصولات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے ترقی پذیر ممالک میں چھوٹے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے اور مختلف شعبوں میں خدمات کی فراہمی کے معیار میں بہتری آئی ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اختراعات، شفافیت اور ٹیکنالوجی پر مبنی ترقی کے ذریعے پائیدار اقتصادی استحکام کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔











