اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم دو روزہ دورۂ پاکستان پر اسلام آباد پہنچ گئے

12

‎اسلام آباد،  15 نومبر ( اے پی پی): اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوم وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر  اسلام آباد پہنچ گئے۔ ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک استقبال صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، وفاقی وزیرِ موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے کیا۔

‎شاہ عبداللہ دوم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی موجود تھا۔

‎شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا واضح مظہر قرار دیا جا رہا ہے، جس سے دونوں ممالک کے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔

‎اردنی فرمانروا کچھ ہی دیر میں وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچیں گے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔

‎بعد ازاں وزیرِ اعظم شہباز شریف اور شاہ عبداللہ دوم کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوگی، جب کہ وفود کی سطح پر بھی بات چیت کا انعقاد ہوگا۔اس دورے سے نہ صرف پاکستان اور اردن کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی بلکہ دوطرفہ تعاون کے نئے شعبوں میں شراکت داری کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔