اسپیکر سردار ایاز صادق سے ایران کے ڈپٹی اسپیکر علی نیکزاد کی سربراہی میں پارلیمانی وفد کی ملاقات

18

اسلام آباد، 12 نومبر (اے پی پی):قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے ایران کے ڈپٹی اسپیکر علی نیکزاد کی سربراہی میں پارلیمانی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک۔ایران تعلقات، پارلیمانی تعاون، اقتصادی شراکت داری اور دوطرفہ دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ ہمسایہ ممالک ہیں، جو مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت کے مضبوط رشتوں سے منسلک ہیں۔ انہوں نے علاقائی استحکام اور ترقی کے لیے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اسپیکر نے ایرانی اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف کے حالیہ دورہ پاکستان کو دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی سطح پر تعاون بڑھانے اور عوامی رابطوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔ملاقات میں مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایرانی عوام کے لیے دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن اور تنازعات کے پرامن حل کا خواہاں ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے، جس کے تدارک کے لیے علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔ اسپیکر نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ نے ایران پر حملے کے بعد اسرائیل کے خلاف یک زبان قرارداد منظور کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ دشمن بھی ہیں، جن میں اسرائیل شامل ہے۔ ایران کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اسپیکر نے ایرانی نائب اسپیکر کے پانچ سالہ ترقیاتی پروگرام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ایرانی ڈپٹی اسپیکر علی نیکزاد نے اسلام آباد میں حالیہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے تعزیت کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔