وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر کی ملاقات

25

اسلام آباد، 12 نومبر (اے پی پی) : وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر رئیر ایڈمرل (ر) فریڈ سری ویراتنے کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے سری لنکا کرکٹ ٹیم کو فراہم کردہ سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

سری لنکا کے ہائی کمشنر نے حالیہ دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور حکومت پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہمارے معزز مہمان ہیں اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔سری لنکا کے ہائی کمشنر نے ٹیم کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سری لنکا اور پاکستان کرکٹ ٹیمز کے مینجرز، پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی موجود تھے۔