اقوامِ متحدہ میں مستقل مندوب عاصم  افتخار احمد کی اقوامِ متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی کی صدراینالینا بیئربوک سے ملاقات

17

اقوامِ متحدہ،26نومبر  (اے پی پی):پاکستان کے اقوامِ متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اقوامِ متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی کی صدراینالینا بیئربوک سے ملاقات  کی ۔  منگل کے روز  ہونے والی ملاقات میں  دونوں رہنماؤں  نے  جنرل اسمبلی کے ایجنڈے پر موجود متعدد امور پر گفتگو کی۔

دونوں رہنماؤں نے اصلاحات، سیکرٹری جنرل کے انتخاب کے طریقہ کار، اور دیگر علاقائی و عالمی معاملات پر تبادلۂ خیال کیا۔ اصلاحات کا مقصد اقوامِ متحدہ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، اس کی کارکردگی بہتر بنانا اور بدلتی ہوئی دنیا کے مطابق اس کے اثر و رسوخ کو مضبوط کرنا ہے۔

دونوں سفارت کاروں نے کثیرالجہتی نظام کی اہمیت، اقوامِ متحدہ کے چارٹر سے اپنی وابستگی ،مشترکہ اہداف کے حصول ،  عالمی چیلنجز کا مؤثر طریقے سے سامنا کرنے اور  جنرل اسمبلی کے کردارکو مضبوط بنانے کے لیے تعاون بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔