وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بین الاقوامی فوڈ و ایگریکلچر نمائش ”فوڈ ایگ 2025” کا افتتاح کر دیا

10

اسلام آباد،25نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے منگل کو کراچی ایکسپو سینٹر میں تیسری بین الاقوامی فوڈ و ایگریکلچر نمائش ”فوڈ ایگ 2025” کا افتتاح کیا۔ نمائش میں 350 سے زائد پاکستانی نمایاں ایکسپورٹرز نے باسمتی چاول، خشک آم، کینو، کھجوریں، ہمالین گلابی نمک، معیاری سی فوڈ، حلال گوشت و ڈیری مصنوعات، مصالحہ جات اور ویلیو ایڈڈ فوڈز سمیت پاکستان کی بہترین زرعی و غذائی مصنوعات  نمائش میں پیش کیں۔27 نومبر 2025ء تک جاری رہنے والی اس نمائش میں دنیا کے 80 سے زائد ممالک کے 800 سے زیادہ پری کوالیفائیڈ خریدار شریک ہوں گےجو پاکستان کی تاریخ میں کسی ایک تجارتی ایونٹ کے لیے سب سے بڑی بین الاقوامی خریدار ڈیلگیشن ہے۔ نمائش کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کے متنوع زرعی و موسمیاتی خطے اور وزیراعظم کی مارکیٹ اوپننگ سفارت کاری کے تحت بنائی گئی حکومتی پالیسیوں نے ہمیں محض ایک بڑی پیداوار رکھنے والے ملک سے عالمی سطح کے برانڈڈ سپلائر میں تبدیل کرنا شروع کردیا ہے، فوڈ ایگ 2025 میں دنیا بھر کے سنجیدہ خریداروں کی اس تاریخی شرکت سے ثابت ہوتا ہے کہ ہماری حکمت عملی واضح طور پر کامیاب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خریدار وفد میں ایشیا کے نمایاں درآمد کنندگان شامل ہیں جن کی تعداد تین سو سے زائد ہے، اس وفد کی قیادت چین کی بڑی سرکاری اور نجی کمپنیاں، برناس ملائیشیا، پی ٹی لارس مانس اتاما انڈونیشیا  اور سری لنکا کے بڑے کاروباری گروپس کر رہے ہیں۔یورپ سے شامل خریداروں میں سریا فوڈز (یورپ کا سب سے بڑا باسمتی خریدار)، اے آئی بی فوڈز، آئیتاچ فوڈز، سکیپنز اینڈ کمپنی بیلجیٔم اور میگروس ترکیہ شامل ہیں۔مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے سے مرکری می ڈی ایم سی سی، سنڈر ٹریڈنگ قطر اور ڈی اوشن فشرریز بحرین شریک ہو رہے ہیں۔ جام کمال نے کہا کہ افریقہ کے کینیا، صومالیہ، کیمرون، انگولا، روانڈا، ماریشس اور دیگر ممالک سے دو سو سے زائد خریدار شامل ہیں جبکہ آسٹریلیا، کینیڈا، امریکا اور روس کے اہم تجارتی گروپس بھی اس ریکارڈ وفد کا حصہ ہیں۔  انہوں نے کہا کہ ہزاروں طے شدہ بی ٹو بی ملاقاتیں، پائیداری اور ٹریس ایبلٹی پر نو اعلیٰ سطحی کانفرنسیں اور پاکستانی غذاؤں کا خصوصی پویلین جس میں پانچ براعظموں کے 21 عالمی شہرت یافتہ شیف صرف پاکستانی اجزاء کے ساتھ لائیو کوکنگ کریں گے، فوڈ ایگ 2025 کو ایک سنگ میل ایونٹ بنائیں گے جس سے ایک ارب ڈالر سے زیادہ کے ایکسپورٹ کاروبار کی توقع ہے۔