بابا گرو نانک کے 556ویں جنم دن کی تقریبات کیلئے سکھ یاتریوں کو لے کر خصوصی ٹرین کراچی سے روانہ

27

‎اسلام آباد، یکم نومبر ( اے پی پی): بابا گرو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی مذہبی رسومات میں شرکت کے لیے سکھ یاتریوں کو لے کر خصوصی ٹرین کراچی سے ننکانہ صاحب کے لیے روانہ ہو گئی۔یہ خصوصی ٹرین آج صبح 11 بجے کراچی کینٹ اسٹیشن سے روانہ ہوئی اور 2 نومبر کی صبح ساڑھے 8 بجے ننکانہ صاحب پہنچے گی۔

‎ٹرین 14 کوچز پر مشتمل ہے، جن میں 12 اکانومی کلاس، ایک اے سی بزنس کوچ اور ایک پاور وین شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر کراچی سے 9 کوچز روانہ کی گئیں، جبکہ روہڑی اور لاڑکانہ سے مزید 5 کوچز ٹرین کے ساتھ منسلک کی جائیں گی۔اس خصوصی ٹرین میں 950 سکھ یاتری سفر کر رہے ہیں جو بابا گرو نانک کی جنم دن کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے سکھ یاتریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ ریلوے کی ہدایت پر ٹرین میں سوار تمام یاتریوں کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور دورانِ سفر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔بابا گرو نانک کی مرکزی تقریبات 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان، ننکانہ صاحب میں منعقد ہوں گی، جن میں شرکت کے بعد سکھ یاتری 6 نومبر کو اسی خصوصی ٹرین کے ذریعے کراچی واپس روانہ ہوں گے۔یہ اقدام پاکستان ریلوے کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔