اسلام آباد، 9نومبر (اے پی پی):چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سے ملاقات کی۔
اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں عالمی اور علاقائی صورتحال کے بدلتے ہوئے ماحول اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات اور دیرینہ دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بالخصوص عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں سی جے سی ایس سی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو “کنگ عبدالعزیز میڈل آف آنر (ایکسیلنٹ کلاس)”سے نوازا گیا۔سعودی عسکری قیادت نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کیا۔











