ملتان، 09 نومبر (اے پی پی):یومِ اقبال کے موقع پر گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین شجاع آباد میں شاعرِ مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری کا بنیادی محور نوجوان نسل کی کردار سازی ہے۔ اقبالؒ نے نوجوانوں کو ہمیشہ عمل، جدوجہد اور جستجو کا پیغام دیا۔
ڈاکٹر اظہرا یاسمین نے کہا کہ آج کے دور میں اقبالؒ کا پیغام پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے کیونکہ معاشرتی ترقی اور قومی استحکام نوجوانوں کے کردار اور عمل سے وابستہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے اسلامی اصولوں کی حقیقی عکاسی کی اور نوجوانوں کو خوابِ خودی اور تعمیرِ ملت کا درس دیا۔انہوں نے طلبات پر زور دیا کہ وہ اقبالؒ کے پیغام کو نہ صرف سنیں بلکہ اس پر عمل پیرا ہوکر اپنے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔











