حکومت کا بنیادی مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے  ٹیلنٹ کو قومی و بین الاقوامی  معیار کے مطابق سامنے لانا ہے ، رانا مشہود احمد خان

13

لاہور،24نومبر  (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں باکسنگ سمیت ہر کھیل میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، حکومت کا بنیادی مقصد اس ٹیلنٹ کو قومی و بین الاقوامی سطح کے معیار کے مطابق سامنے لانا ہے تاکہ ملک کا مثبت تشخص نمایاں ہو اور نوجوانوں کو ترقی کے زیادہ سے زیادہ مواقع مل سکیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے  پیر کو یہاں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں وزیراعظم باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ نیشنل لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر شاہد منیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا،  تقریب میں مختلف اضلاع سے آنے والے کوچز اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر شروع کیے گئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا محور وہ تمام ہونہار نوجوان ہیں جو محدود وسائل اور کم سہولیات کے باوجود بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو سائنسی بنیادوں پر تربیت، جدید کوچنگ، عالمی معیار کی سہولیات اور شفاف سلیکشن کے بھرپور مواقع فراہم کیے جارہے ہیں، جس سے پاکستان میں کھیلوں کا معیار نمایاں طور پر بلند ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل باکسنگ لیگ نوجوانوں کیلئے ایک ایسا مضبوط اور دیرپا پلیٹ فارم ثابت ہوگی جہاں میرٹ، محنت اور کارکردگی کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع دیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ لیگ مستقبل کے عالمی اور قومی چیمپئن پیدا کرے گی اور پاکستان عالمی سطح پر باکسنگ سمیت کھیلوں کے دیگر شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کا فروغ محض ایک سرگرمی نہیں بلکہ قومی ترجیح ہے، کیونکہ صحت مند اور مثبت سرگرمیاں نوجوانوں کی شخصیت سازی، ذہنی و جسمانی نشوونما اور سماجی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ملک کے نوجوان پاکستان کی سب سے بڑی قوت ہیں، اور ان کی حوصلہ افزائی و تربیت ملکی ترقی کی ضمانت ہے۔رانا مشہود احمد نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تمام مراحل میں مکمل شفافیت اور میرٹ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ہر وہ نوجوان جس میں قابلیت موجود ہے وہ آگے آئے، ٹرائلز میں حصہ لے اور اپنی محنت اور ٹیلنٹ کے ذریعے ملک کا نام روشن کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نوجوانوں کے لیے تعلیم، ہنر، کھیل اور روزگار کے شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر جامع اور موثر اقدامات کر رہے ہیں تاکہ نوجوان نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی فعال اور نمایاں کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان ایک ابھرتا ہوا ملک ہے جس کی صلاحیتوں کو دنیا تسلیم کر رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ مختلف ممالک پاکستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار، ٹریننگ اور تعلیم کے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں عالمی معیار کا ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم سہولیات کی کمی کئی نوجوانوں کی ترقی میں رکاوٹ بن جاتی ہے۔ حکومت کا مقصد ایسے تمام نوجوانوں تک رسائی حاصل کرنا ہے تاکہ انہیں وہ پلیٹ فارم فراہم کیا جائے جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کو مکمل طور پر اجاگر کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ سال 23 کھیلوں  کے ساتھ یوتھ ہنٹ پروگرام لے کر آئیں گے اور میرٹ پر اترنے والے ہر نوجوان کو آگے بڑھنے کا موقع دیں گے۔آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ باکسنگ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اور نیشنل لیگ ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے اور مستقبل میں پاکستان کھیلوں کے میدان میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔