ملتان ،20نومبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ ملتان پانچ ہزار سال قدیم شہر ہے جہاں رواداری، امن اور خدمت انسانیت کی روایات آج بھی قائم ہیں، خصوصی افراد معاشرے کا روشن چہرہ ہیں اور وہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو چرچ آف جیسس کرائسٹ آف لیٹر ڈے سینٹس اور سوسائٹی فار سپیشل پرسن کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقدہ خصوصی وہیل چیئرز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ انہوں نے مشنری سکول میں تعلیم حاصل کی اور ان کے تمام اساتذہ مسیحی برادری سے تعلق رکھتے تھے جو اس شہر کی بین المذاہب ہم آہنگی کا ثبوت ہے۔ قائم مقام صدر نے کہا کہ ایک وقت تھا جب خواتین کو تصویر والا شناختی کارڈ بنانے کی بھی اجازت نہیں تھی، مگر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے لاکھوں خواتین کو شناخت، مالی تحفظ اور بااختیار بنایا اور آج یہ خواتین اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہی ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اقوام متحدہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زلزلوں اور سیلاب جیسی آفات میں عالمی اداروں نے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی۔قائم مقام صدر نے کہا کہ انسانیت کا اصل پیغام یہ ہے کہ آپ اس کے لیے کام کریں جو آپ کو بدلے میں کچھ نہ دے سکے۔
قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی کی تقریر کے دوران شرکا نے جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کا مطالبہ کیا جس پر سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ پہلے رہنما ہیں جنہوں نے پنجاب اسمبلی، قومی اسمبلی اور سینیٹ سے الگ صوبے کی قرارداد منظور کرائی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو نام کا صوبہ نہیں بلکہ الگ اسمبلی، الگ وزیراعلیٰ، الگ گورنر، الگ بجٹ اور این ایف سی ایوارڈ اور سینیٹ نمائندگی میں مکمل حصہ دیا جانا چاہیے۔
سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ان کے دور حکومت میں جنوبی پنجاب کے لیے چونتیس فیصد (پی ایس ڈی پی ) بجٹ مختص کیا گیا جس کے تحت یونیورسٹیاں، کالجز، پل، بائی پاس اور متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ننانوے فیصد لوگ ان کے پاس روزگار کے لیے آتے ہیں اور روزگار کا مستقل حل صرف نئے صوبے کا قیام ہے۔
تقریب کے دوران یوسف رضا گیلانی نے سوسائٹی فار سپیشل پرسنز (ایس ایس پی) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا روشن چہرہ ہیں اور وہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی کا کسٹمائزڈ وہیل چیئر پروگرام معذور افراد کے لیے زندگی بدل دینے والا منصوبہ ہے جس کے تحت ضرورت کے مطابق خصوصی وہیل چیئرز، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، ادارہ اب تک آٹھ ہزار وہیل چیئرز تقسیم کر چکا ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد کمپیوٹر، سلائی اور دیگر ہنر سیکھ کر خود کفیل ہو چکے ہیں۔ تین سو افراد وہیل چیئر بنانے اور مرمت کرنے کی تربیت حاصل کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں معذور افراد کو وہیل چیئرز، خوراک اور دیگر امدادی سامان فراہم کیا گیا جبکہ جنوبی پنجاب کی خواتین کو ہنرمندی اور کاروباری تربیت دے کر معاشی طور پر بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ق
ائم مقام صدر نے ملکی و غیر ملکی اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہی کی کوششوں کی بدولت ملتان میں یہ پروگرام کامیابی سے جاری ہے اور معذور افراد کو نئی زندگی دے رہا ہے۔ تقریب کے اختتام پر سید یوسف رضا گیلانی نے سپشل پرسنز میں وہیل چئیرز بھی تقسیم کیں۔











