سمیڈا کا 35واں بورڈ اجلاس، “میڈ اِن پاکستان ایم ایس ایم ای کلسٹرز 2025” جنوری 2026 میں منعقد ہوگا

9

اسلام آباد، 25 نومبر (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت سمیڈا کا 35واں بورڈ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم، ایکٹنگ سی ای او سمیڈا نادیہ سیٹھ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق “میڈ اِن پاکستان ایم ایس ایم ای کلسٹرز 2025” جنوری 2026 میں منعقد ہوگا، جس میں سمیڈا کی جانب سے ڈسپلے، اسٹالز، ایوارڈز اور پینل ڈسکشن کا اہتمام کیا جائے گا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کے ایس ایم ای کلسٹرز میں بے پناہ مواقع موجود ہیں جبکہ ایوارڈز کے لیے 100 بہترین ایم ایس ایم ایز کے انتخاب پر غور جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی–8 ممالک کے تعاون سے قومی و عالمی ماہرین پر مشتمل پینل تشکیل دینے کی تجویز زیر غور ہے، اور بین الاقوامی ممالک کو نمائش میں شرکت کی دعوت دی جائے گی،مزید بتایا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نمائش کا افتتاح کریں گے۔

سمیڈا بورڈ نے بتایا کہ اے ٹی کیئرنی کی معاونت سے جامع بزنس پلان روڈ میپ تیار کر لیا گیا ہے جبکہ شہری و دیہی علاقوں کے لیے کلسٹر وائز بزنس پلان تیار ہو رہا ہے۔ خواتین انٹرپرائزز کے لیے خصوصی ای کامرس پورٹل متعارف کرانے اور ایس ایم ای مصنوعات کی ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے لیے ڈیزائنرز کی ٹیمیں فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں پاکستانی ہینڈی کرافٹ کو عالمی ٹریڈ فئیرز تک رسائی دینے اور ایس ایم ایز کے مسائل و مواقع پر مشتمل بزنس پلان وزیر اعظم کو پیش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ ہر کلسٹر کے لیے الگ بزنس ماڈل تشکیل دیا جا رہا ہے جبکہ خواتین کاروباری اداروں کے لیے ای کامرس پورٹل اہم ترجیح ہے، اور ایکسپورٹس بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ میں ڈیزائنرز کی ٹیمیں مدد فراہم کریں گی۔