دوحہ ، 05 نومبر ( اے پی پی): صدر آصف علی زرداری سے قطر کے نائب وزیراعظم اور وزیرِ دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمٰن الثانی کی دوحہ میں ملاقات ہوئی ۔ صدر مملکت نے پاکستان اور قطر کے مابین دفاعی اور سلامتی کے تعلقات کو تاریخی اور قابلِ فخر قرار دیا اور تربیت، استعداد کار، دفاعی پیداوار اور مشترکہ منصوبوں میں دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ دفاعی اور تزویراتی شراکت کو مزید فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔
قطری وزیرِ دفاع نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور مشترکہ دفاعی پیداوار و منصوبوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا اور افغان تنازعے میں کردار ادا کرنے کا بھی یقین دلایا۔











