اسلام آباد،05 نومبر (اے پی پی):قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے ایک وفد نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں اے ایف سی کے صدر، فیفا کے سینئر نائب صدر اور بحرین کے شاہی خاندان کے سینئر رکن شیخ سلمان ابراہیم حامد الخلیفہ کی قیادت میں ملاقات کی۔ وفد میں اے ایف سی کے جنرل سیکرٹری داتوک سری ونڈسر پال جان اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی شامل تھے۔ قائم مقام صدر نے فٹ بال گورننس کو مضبوط بنانے اور اے ایف سی اور فیفا کے معیارات کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے موثر کام کو یقینی بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ قائم مقام صدر نے نوجوانوں کی مصروفیت کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کی آبادی کی اکثریت پر مشتمل ہیں اس لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی اور فروغ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فٹ بال کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنا اور پاکستان بھر میں یوتھ اکیڈمیوں کا قیام ایسے شعبے ہیں جہاں اے ایف سی کی جانب سے تعاون اہمیت کا حامل ہوگا۔انہوں نے پاکستان میں فٹ بال کی بحالی کے لیے اے ایف سی کی مسلسل حمایت کو سراہتے ہوئے ڈومیسٹک مقابلوں کی بحالی اور پاکستانی کھلاڑیوں کےلئے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر مقابلے کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ سید یوسف رضا گیلانی نے شیخ سلمان ابراہیم حامد الخلیفہ اور اے ایف سی کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فٹ بال کو فروغ دینے اور کھیلوں کے ذریعے عوام کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کےلئے اے ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔











