لاہور، 17 نومبر(اے پی پی ): صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں سالانہ ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا صوبائی وزیر کو نیشنل گیمز کی تیاریوں بارے بھی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ 12 بڑی اسکیموں کا جلد ٹینڈر کردیا جائے گا ۔نیشنل گیمز میں شرکت کے لیے پنجاب کا دستہ 04 دسمبر کو روانہ ہوگا۔ صوبائی وزیر کھیل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام جاری اسپورٹس اسکیموں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔پنجاب کی ٹیموں کو بہترین کوچنگ اور ٹریننگ کی فراہمی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعمیر ہونیوالے بڑے اسپورٹس کمپلیکس کا جلد افتتاح کیا جائے گا ۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بہتری اولین ترجیح ہے۔اجلاس میں سیکرٹری اسپورٹس مظفر خان سیال اور ڈی جی خضر افضال چوہدری موجود تھے۔











