ملتان ، 13نومبر (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ ملتان نے ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد ہوٹلوں، ریستورانوں اور کمرشل عمارتوں کو سربمہر کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی عبدالسّمیع شیخ کی سربراہی میں انسدادِ ڈینگی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، جن کے دوران 5 ہوٹل، 2 پلازے اور دیگر مقامات پر ڈینگی لاروا کی موجودگی اور صفائی کی ناقص صورتحال پائی گئی۔
ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے کہا کہ عوامی مقامات پر ڈینگی ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے۔ ڈینگی لاروا کی تلفی میں غفلت برتنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے حساس مقامات پر سپرے اور سرویلنس کا عمل تیز کردیا گیا ہے جبکہ تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں ڈینگی مریضوں کے علاج کے لیے خصوصی وارڈز مختص کر دیے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کو روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ رپورٹس جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، گھروں اور دفاتر میں پانی جمع نہ ہونے دیں اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔











