ملتان ،19نومبر(اے پی پی):چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انسانی معاشرے کے حسن اور قوموں کی ترقی اور عروج و زوال میں تعلیم کا اہم ترین کردار ہے، تعلیم ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے ،چاہے وہ امیر ہو یا غریب، مرد ہو یا عورت،دیکھا جائے تو انسان اور حیوان میں فرق تعلیم ہی کی بدولت ہے، تعلیم حاصل کرنے کا مطلب صرف سکول، کالج یونیورسٹی سے کوئی ڈگری لینا نہیں بلکہ اس کے ساتھ تمیز اور تہذیب سیکھنا بھی شامل ہے ،تاکہ انسان اپنی معاشرتی روایات اور اقدار کا خیال رکھ سکے،تعلیم وہ زیور ہے جو انسان کا کردار سنوارتی ہے ،دنیا میں اگر ہر چیز دیکھی جائے تو وہ بانٹنے سے گھٹتی ہے مگر تعلیم ایک ایسی دولت ہے جو بانٹنے سے گھٹتی نہیں بلکہ بڑھ جاتی ہے اور انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ تعلیم کی وجہ سے دیا گیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں نجی سکول میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان اولیا اللہ کا شہر ہے،یہ شہر میرے دل کے بہت قریب ہے اور اس کی ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا رہا ہوں،میں نے ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں بہت سے ترقیاتی اور تعلیمی منصوبہ جات مکمل کروائے جو آج بھی اس خطے کی عوام کو فائدہ پہنچا رہے ہیں،ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں تعلیم کے فروغ اور ترقیاتی کاموں میں ہر طرح کی مزید سپورٹ بھی جار رکھوں گا۔
چیئرمین سینٹ نے کہا کہ جب میں وزیراعظم تھا تو میں نے بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کو ایک سو سکالرشپ دیے تھے اور فی سکالرشپ ایک کروڑ روپے کی تھی ،وہ تمام لوگ جنہوں نے وہ سکالرشپ لیے تھے آج مختلف شعبوں میں بہت اچھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں ،آج گیلانی لا کالج میں میں پی ایچ ڈی اور ایل ایل ایم کی کلاسز بھی جاری رہی ہیں،گیلانی لا کالج میں 10 پی ایچ ڈی اساتزہ پڑھا رہے ہیں اور تعلیم کا معیار بہت اعلی ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں نے گیلانی لا کالج میں 50 سیٹیں مزید بڑھانے کے لیے وزیر قانون سے بات کی ہے،تاکہ قانون کی تعلیم کے فروغ میں مزید بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ مزکورہ نجی اسکول جدید سہولیات کے ساتھ اسٹیٹ آف دی آرٹ تعلیم فراہم کر رہا ہے، جو آنے والی نسل کے لیے مثبت قدم ہے۔
اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی،سابق سفیر سید زوالفقار گردیزی ،سائرہ خاکوانی ،ڈاکٹر فیصل مشتاق سمیت سکول ھزا کے طلبہ و طالبات اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔











