قیصر احمد شیخ کا کانووکیشن سے خطاب، ترقی کیلئے معیاری تعلیم ناگزیر ہے

10

فیصل آباد، 16 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور پاکستانی طلبہ میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اگر انہیں درست سمت دی جائے تو وہ عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ وہ اتوار کے روز نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز (فاسٹ) چنیوٹ کیمپس کے 84ویں کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا ماضی میں ایک دوسرے کے ترقیاتی ماڈلز سے سیکھتے رہے ہیں، مگر آج پاکستان کی تعلیمی کمی اس کی ترقی کی رفتار میں بڑی رکاوٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انٹرمیڈیٹ اور اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنائے بغیر ترقی ممکن نہیں، جبکہ جن ممالک نے تعلیم کو ترجیح بنایا وہ آج نمایاں معاشی استحکام حاصل کر چکے ہیں۔

وفاقی وزیر نے فارغ التحصیل طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گریجوایٹس ملک کے مستقبل کی ذمہ داری اٹھانے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فاسٹ یونیورسٹی چنیوٹ کیمپس کا قیام ایک مشکل فیصلہ تھا، لیکن آج یہی ادارہ خطے کے نوجوانوں کے لیے علم و ترقی کا اہم مرکز بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم، خصوصاً کمپیوٹر سائنس اور ٹیکنالوجی، پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ محنت، جدوجہد اور اپنی صلاحیتوں کے بہتر استعمال سے ملک کا نام روشن کریں۔ قیصر احمد شیخ نے گولڈ میڈلسٹ طلبہ کے لیے 10 لاکھ روپے اور مستحق طلبہ کی معاونت کے لیے مزید 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا۔

تقریب میں تھائی لینڈ، ملائیشیا اور میانمار کے سفیروں سمیت یونیورسٹی انتظامیہ، فیکلٹی، طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانووکیشن میں مختلف شعبوں کے گریجوایٹس میں ڈگریاں اور نمایاں کارکردگی پر میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔