لاہور، 16 نومبر ( اے پی پی): وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے لاہور ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور دو گھنٹے تک امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے امیگریشن کاونٹرز پر رش دیکھ کر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
دونوں وزراء نے بیرون ملک جانے والے مسافروں سے بات چیت کی اور اُن کے مسائل سنے۔وزیر داخلہ نے درست طریقہ استعمال کرنے والے امیگریشن اہلکاروں کو بلا کر شاباش دی، انعام دیا اور تعریفی سرٹیفکیٹس دینے کا اعلان کیا۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ بغیر مستند دستاویزات کوئی مسافر بیرون ملک نہیں جا سکے گا، غیر قانونی امیگریشن برداشت نہیں کی جائے گی اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
سالک حسین نے ہدایت کی کہ پروٹیکر کے تحت ہر مسافر کی ملازمت سے متعلق دستاویزات کی مکمل تصدیق کی جائے۔











