اسلام آباد، 16 نومبر ( اے پی پی): پنجاب مریم نواز شریف کی گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت جہلم میں کسانوں میں ٹریکٹر تقسیم کیے گئے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ اور ریلویز بلال اظہر کیانی نے جہلم کی تحصیلوں جہلم، دینہ اور سوہاوہ کے 39 کسانوں میں گرین ٹریکٹر تقسیم کیے۔ ان میں سے 10 کسانوں کا تعلق تحصیل جہلم، 10 کا تعلق تحصیل دینہ اور 19 کا تعلق تحصیل سوہاوہ سے ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے کی خصوصی سبسڈی فراہم کی ہے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو جدید زرعی مشینوں کی فراہمی پنجاب میں زراعت کو جدید بنائے گی اور ای-میکنائزیشن کا عمل پنجاب میں زراعت کے ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی ترقی، زراعت اور پاکستان کی ترقی ہے، کیونکہ زراعت پاکستان اور صنعتی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
بلال اظہر کیانی نے حکومت کے دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کا بھی ذکر کیا، جن میں ستھرا پنجاب، کسان کارڈ، للہ جہلم روڈ کی جلد تعمیر، ڈی ایچ کیو جہلم میں نئے بلاک اور صحت کی سہولیات کی فراہمی، دینہ میں ٹی ایچ کیو کا قیام اور لاہور سیالکوٹ موٹر وے سے جہلم کو لنک کرنا شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور ملک کی معاشی ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، اور وہ اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف عوام کی خدمت کے لیے دن رات مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے یہ بھی بتایا کہ دینہ اور سوہاوہ میں گیس کی فراہمی کے دیرینہ مطالبے کو جلد پورا کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں ۔











