معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت پاک اسٹار آٹوموبائلز اور ای وی بائیکس کے نمائندوں کے ساتھ اعلیٰ سطحی

18

اسلام آباد،4 نومبر(اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت پاک اسٹار آٹوموبائلز اور ای وی بائیکس کے نمائندوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں برقی موٹر بائیکس کی اسکیمز، مقامی پیداوار اور پالیسی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ ای وی بائیکس کے پرزوں کی مقامی تیاری ملکی معیشت اور خریداروں دونوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ پالیسی کے دوسرے مرحلے میں مقامی مینوفیکچرنگ کی مخصوص شرح لازمی قرار دی گئی ہے تاکہ صنعت کے فروغ کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن مقامی صنعت کاروں کو سہولیات اور مراعات فراہم کرنا ہے۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت تمام مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور وینڈرز و مینوفیکچررز کو مراعات دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ای وی بائیکس کی طرف منتقلی سے نہ صرف ماحولیاتی بہتری ممکن ہوگی بلکہ تیل کے درآمدی بل میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ ای وی بائیکس مینوفیکچررز اور وینڈرز سے مشاورت کرکے مناسب حل تجویز کرے، تاکہ صنعتی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے اہداف ایک ساتھ حاصل کیے جا سکیں۔