ملتان:  حکومتِ پنجاب کا حقِ ملکیت کے تحفظ کیلئے بڑا اقدام جائیداد سے متعلق فراڈ کی سخت روک تھام، فوری فیصلوں کیلئے ضلعی کمیٹیاں فعال

17

ملتان 25 نومبر )اے پی پی ): حکومتِ پنجاب نے شہریوں کی غیر منقولہ جائیداد کے مکمل تحفظ کیلئے ’’تحفظِ ملکیت آرڈیننس 2025‘‘ نافذ کردیا ہے، جس کا مقصد جعلی فرد، بوگس رجسٹری اور جعلی نقشہ سازی جیسے سنگین جرائم کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنانا ہے۔ آرڈیننس کے تحت جعل سازی اور غیرقانونی قبضہ ثابت ہونے پر 5 سے 10 سال قید کی سخت سزا مقرر کی گئی ہے۔

حکومتی احکامات کی روشنی میں ضلعی سطح پر جائیداد سے متعلق تنازعات کے حل کیلئے خصوصی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔ ملتان میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور سی پی او صادق علی ڈوگر کی صدارت میں اس سلسلے کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابوبکر اور ریونیو افسران نے شرکت کی۔

کمیٹی نے فوری سماعت کرتے ہوئے 28 شہریوں کی جائیدادوں کے قبضے واگزار کرا دیے، جبکہ فریقین کی موجودگی میں درجنوں کیسز کو ریکارڈ مدت میں نمٹا دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق کمیٹیاں حکومتِ پنجاب کی ہدایت کے مطابق تمام جائیداد کے کیسز 90 روز میں نمٹانے کی پابند ہیں۔

وسیم حامد سندھو نے مزید بتایا کہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی کیلئے آن لائن شکایتی نظام فعال کردیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری فوری طور پر اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔