ملتان ،24 نومبر (اے پی پی): ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت وسائل کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کے لیے پی ایس آئی آر اکنامک سروے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے سروے اہلکاروں میں ٹیبلٹس اور سروے کٹس تقسیم کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف اور ڈسٹرکٹ منیجر پی ایس آئی آر محمد وقاص بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع بھر میں 9 لاکھ سے زائد گھروں اور خاندانوں کا ڈیٹا ریکارڈ مکمل کیا جائے گا، جس کے لیے 1200 سے زائد سروے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سروے ٹیمیں گھر گھر جا کر شہریوں کی معلومات اکٹھی کرکے انہیں ڈیجیٹلی سسٹم میں درج کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سروے ٹیموں سے تعاون کریں اور درست معلومات فراہم کریں تاکہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے۔ بریفنگ کے مطابق سروے ٹیموں کی شناخت ان کے شناختی کارڈ اور آفیشل جیکٹس سے کی جا سکتی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اکٹھا کیا گیا ڈیٹا مستقبل میں راشن کارڈ، رمضان پیکج اور دیگر فلاحی پروگراموں کی شفاف فراہمی کی بنیاد بنے گا۔











