ملتان : ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کا رجسٹری برانچ باغ لانگے خان کا دورہ، ریکارڈ روم میں رجسٹری اندراجات کا جائزہ

9

ملتان 13 نومبر )اے پی پی ): گڈ گورننس اور شفافیت کی پالیسی کے تحت ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے آج رجسٹری برانچ باغ لانگے خان کا اچانک دورہ کیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے برانچ کے مختلف سیکشنز کا تفصیلی معائنہ کیا اور ریکارڈ روم میں ٹیکس ریکوری اور رجسٹری اندراجات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام ریکارڈ کی شفاف تیاری کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ عملے کو الٹی میٹم جاری کرتے ہوئے واضح ہدایت دی کہ تمام اندراجات بروقت اور درست انداز میں کمپیوٹرائزڈ نظام کے تحت مرتب کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات بھی کی، ان کے مسائل سنے اور متعلقہ حکام کو فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے رجسٹری برانچ کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

ڈی سی وسیم حامد سندھو نے اس موقع پر کہا کہ سہولت اور شفافیت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، کسی بھی قسم کی غفلت یا بدعنوانی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی خدمت اور نظام کی بہتری کے لیے تمام افسران کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھانی ہوں گی۔