ملتان،05 نومبر (اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ نے ڈینگی کی روک تھام کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے شہر بھر میں آپریشن مزید تیز کر دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو کی ہدایت پر ڈینگی کنٹرول روم مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے، جہاں 24 گھنٹے ٹول فری نمبر پر شہریوں کو مریض داخلے، آئی آر ایس سپرے اور ٹیسٹ سے متعلق فوری رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
شہری ڈینگی سے متعلق شکایات کیلئے 061-9200902 پر رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ عملہ ہمہ وقت موجود ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق گزشتہ تین روز میں 500 سے زائد مقامات پر ڈینگی لاروا تلف کیا گیا جبکہ انسدادِ ڈینگی قواعد کی خلاف ورزی پر تین ہزار سے زائد قانونی نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ لاروا تلفی کے حوالے سے غفلت پر 15 مقدمات کا اندراج بھی کر لیا گیا ہے۔
ڈینگی مہم میں 188 انڈور ٹیمیں، 190 آؤٹ ڈور ٹیمیں اور 105 سپروائزری اسٹاف سمیت مجموعی طور پر 870 اہلکار فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے احتیاطی تدابیر پر لازماً عمل کیا جائے اور مشکوک جگہوں کی فوری نشاندہی کی جائے۔











