اسلام آباد، 06 نومبر (اے پی پی ):وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پائیدار ترقی سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کے لیے کلائمیٹ فنانس ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے مختلف شعبوں میں جامع اصلاحات نافذ کی ہیں، جبکہ نئے ادارے قائم کرنے کے بجائے موجودہ اداروں کی بہتری اور اصلاح پر توجہ دی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ کلائمیٹ فنانسنگ دنیا کے لیے بڑھتا ہوا چیلنج بن چکا ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث عالمی معیشت گراوٹ کا شکار ہے۔ ان کے مطابق، عالمی معیشت کی سمت میں تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان میں نجی شعبے کا کردار بڑھا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر توجہ نہ دی گئی تو 2047 سے قبل موسمیاتی تبدیلی اور معیشت بڑے مسائل کی صورت اختیار کر سکتے ہیں۔محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ پاکستان کرپٹو کرنسی، بلاک چین اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں ترقی پر توجہ دے رہا ہے، جبکہ عالمی شرحِ پیداوار میں اضافہ ایک مثبت اشارہ ہے۔











