لائیو اسٹاک کی ترقی اور جدید اصلاحات کے فروغ کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک پنجاب کے زیر اہتمام ورکشاپ کا انعقاد

10

 لاہور، 06 نومبر (اے پی پی): لائیو اسٹاک کی ترقی اور اس شعبے میں جدید اصلاحات کے فروغ کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک پنجاب کے زیر اہتمام ایک اہم ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ کا افتتاح وزیر زراعت و لائیو اسٹاک عاشق حسین کرمانی نے کیا، جبکہ سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تارڑ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔

ورکشاپ کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے لائیو اسٹاک کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر مبنی ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی، جس میں اس شعبے کی ترقی کے لیے جاری منصوبوں، تحقیقی سرگرمیوں اور توسیعی پروگرامز پر روشنی ڈالی گئی۔

تقریب میں محکمہ لائیو اسٹاک کے توسیعی، تحقیقاتی اور پیداواری ونگز کے سربراہان نے شرکت کی اور لائیو اسٹاک کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

 شرکاء کو گوشت کی پیداوار اور برآمد میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں لائیو اسٹاک کی ترقی کے لیے نئے اقدامات شامل کرنے پر مشاورتی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں پبلک و پرائیویٹ سیکٹر کے متعدد اسٹیک ہولڈرز نے بھرپور شرکت کی۔

ورکشاپ کے مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ لائیو اسٹاک سیکٹر کی بہتری سے نہ صرف زرعی معیشت کو استحکام حاصل ہو گا بلکہ دیہی معیشت اور کسانوں کے معیارِ زندگی میں بھی بہتری آئے گی۔